10 اپریل 2017 - 13:02
کشمیر میں ظلم و ستم کا سلسلہ جاری، دو روز میں 12 نہتے کشمیری شہید

تازہ واقعہ میں بھارتی فوج نے وادی میں ہڑتال کے دوسرے روز بھی فائرنگ کرکے مزید 4کشمیریوں کو شہید کردیا ۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ بھارتی حکومت نے کشمیر میں اپنے ظلم کی روایت جاری رکھتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں مزید 4 نہتے کشمیریوں کو شہید کر دیا ہے جبکہ پاکستان نے ایک بار پھر عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ بھارتی مظالم فوری رکوائے جائیں۔

7 دہائیاں گزر جانے کے بعد بھی نہتے اور بےگناہ کشمیریوں پر بھارتی ظلم و ستم جاری ہے۔

تازہ واقعہ میں بھارتی فوج نے وادی میں ہڑتال کے دوسرے روز بھی فائرنگ کرکے مزید 4کشمیریوں کو شہید کردیا ۔

مقبوضہ کشمیر میں ڈھونگ انتخابات کے دوران نہتے کشمیریوں پر گولیاں برسائی گئیں۔

بھارتی جارحیت کے خلاف آج مقبوضہ وادی میں حریت قیادت کی اپیل پر ہڑتال جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق بھارتی فوج نےآج کپواڑہ کے کیرن سیکٹر میں مزید 4 کشمیریوں کو شہید کردیا ہے جس کے بعد دو روز میں 12 بےگناہ شہید ہو چکے ہیں۔

بھارتی قابض انتظامیہ نے وادی میں 12 اپریل تک انٹرنیٹ سروس بھی معطل کر رکھی ہے۔

یاد رہے کہ کشمیریوں نے لوک سبھا کے نام نہاد الیکشن کا  مکمل بائیکاٹ کیا اور وادی بھر میں ہڑتال اور زبردست مظاہرے کئے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ ادھر پاکستان نے بھارتی بربریت کے خلاف احتجاج کیا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارتی مظالم فوری رکوائیں۔

بھارتی فائرنگ سے کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر اظہار مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ کشمیریوں کے قتل عام میں ملوث عناصر کو کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری و انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارتی مظالم فوراً رکوائیں‘ مقبوضہ کشمیر میں مبصرین کا وفد بھیجا جائے۔

علاوہ ازیں مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے بھارتی فائرنگ سے  کشمیری نوجوانوں کی شہادت کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جولائی 2016ءسے بھارتی جارحیت عروج پر ہے اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں۔

دوسری جانب مودی سرکار نے کشمیریوں کی آواز دبانے کیلئے 20 ہزار اضافی فوجی تعینات کئے ہیں۔

اس دوران قابض فوج نے سید علی گیلانی، میر واعظ اور یاسین ملک سمیت حریت قیادت کو گھروں میں نظر بند رکھا ہوا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲